علاقائی خبریںقومی

غزہ امداد کے نام پر 5 کروڑ کا دھوکہ، یوپی اے ٹی ایس کی بڑی کارروائی، یورپ کنکشن بے نقاب

اتر پردیش اینٹی ٹیررازم اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے مہاراشٹر کے ضلع تھانے کی بھیونڈی سے تین نوجوانوں کو گرفتار کر کے ایک بڑے فراڈ ریکٹ کا پردہ فاش کیا ہے، جو غزہ کے متاثرین کی امداد کے نام پر 5 کروڑ روپے اکٹھا کر کے ذاتی استعمال اور مشتبہ ملک دشمن سرگرمیوں میں خرچ کر رہے تھے۔

اے ٹی ایس ذرائع کے مطابق یہ نیٹ ورک صرف بھیونڈی یا یوپی تک محدود نہیں تھا بلکہ اس کا دائرہ کم از کم 20 ریاستوں تک پھیلا ہوا تھا۔ تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ اس فنڈ ریزنگ سنڈیکیٹ کو ایک ماسٹر مائنڈ یونان سے کنٹرول کر رہا تھا۔

گرفتار ملزمان میں محمد ایان، زید نوٹیار اور ابو سفیان شامل ہیں، جن کی عمر صرف 22 سال ہے۔ یہ لوگ سوشل میڈیا پر جعلی مہم چلا کر لوگوں کے جذبات سے کھیلتے اور اکاؤنٹس کے ذریعے پیسہ جمع کرتے تھے۔

تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ اکٹھا شدہ فنڈز کا بڑا حصہ یونان اور یورپ کے دیگر ممالک میں بھیج دیا گیا، جہاں سے رقم نکال کر استعمال کی گئی۔ حکام کے مطابق یہ طریقہ کار عالمی منی لانڈرنگ نیٹ ورکس جیسا ہے تاکہ فنڈز کی اصل ماخذ چھپائی جا سکے۔

ملزمان کے قبضے سے تین موبائل فونز بھی برآمد ہوئے ہیں جن میں سوشل میڈیا مہم اور بیرونی رابطوں کے ثبوت ملے ہیں۔ اے ٹی ایس نے ملزمان کو ممبئی کی عدالت میں پیش کرنے کے بعد ٹرانزٹ ریمانڈ حاصل کر کے لکھنؤ منتقل کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ اس بین الاقوامی نیٹ ورک کے دوسرے کارندوں اور فنڈنگ چینل تک رسائی حاصل کی جا سکے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button