تلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریںقومی

ریونت ریڈی کا اعلان: تلنگانہ میں نئی عدالتیں اور عملہ بھرتی جلد

تلنگانہ کے وزیرِاعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ ریاست میں نئی تشکیل شدہ اضلاع میں مستقل عدالتوں کی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی اور موجودہ عدالتوں کے لیے بھی انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جلد ہی ڈسٹرکٹ کورٹس میں اسٹاف کی بھرتی شروع ہوگی تاکہ عدالتی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

ریونت ریڈی ہفتے کو ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اپاریش کمار سنگھ اور دیگر جج صاحبان سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ چیف جسٹس نے اس بات پر زور دیا کہ 2016 میں اضلاع کی تنظیمِ نو کے بعد سے کئی اضلاع میں عدالتیں عارضی عمارتوں سے چل رہی ہیں، اس لیے فوری طور پر مستقل عمارتیں اور عملہ فراہم کیا جانا چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کو حکومت ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کانگریس حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد دسمبر 2023 میں راجندر نگر میں 100 ایکڑ زمین ہائی کورٹ کمپلیکس کے لیے مختص کی گئی تھی۔ یہ منصوبہ 2600 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگا، جس میں جج صاحبان کے لیے رہائشی سہولتیں بھی شامل ہیں۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت پہلے ہی 13 اضلاع میں عدالتوں کے لیے 1000 کروڑ روپے جاری کر چکی ہے۔ چیف جسٹس نے بھی نئے اضلاع میں مستقل عدالتی عمارتوں اور سہولتوں کو ترجیح دینے کی تجویز دی۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ان کی حکومت ہائی کورٹ کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے عدالتی نظام میں دیرینہ کمیوں کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button