تلنگانہ میں آروگیہ شری خدمات بند، مریض شدید پریشانی میں

تلنگانہ میں آروگیہ شری ہیلتھ خدمات مسلسل دوسرے دن بھی معطل رہیں جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نجی اسپتالوں نے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر مکمل طور پر علاج بند کر رکھا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق حکومت پر تقریباً 1500 کروڑ روپے کے واجبات ہیں جن کی ادائیگی نہ ہونے پر خدمات بحال نہیں کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق زیادہ تر چھوٹے اور درمیانے درجے کے نجی اسپتالوں نے آروگیہ شری اسکیم، سرکاری ملازمین کے ہیلتھ اسکیم اور صحافیوں کے ہیلتھ اسکیم کے تحت آنے والے مریضوں کا علاج روک دیا ہے۔ اس کے نتیجے میں ہزاروں مریض، جو ان سہولیات پر انحصار کرتے ہیں، علاج کے بغیر پریشان ہو رہے ہیں۔
تلنگانہ آروگیہ شری نیٹ ورک ہاسپٹلز ایسوسی ایشن کی قیادت میں اسپتالوں نے اعلان کیا ہے کہ جب تک حکومت بقیہ بلوں کی ادائیگی نہیں کرتی، احتجاج جاری رہے گا اور آروگیہ شری خدمات معطل رہیں گی۔
عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اسپتال انتظامیہ سے بات چیت کرے تاکہ مریضوں کو درپیش مشکلات ختم ہو سکیں۔