علاقائی خبریںقومی

اتراکھنڈ کے چمولی میں بادل پھٹنے سے تباہی، 10 افراد لاپتہ، مکانات بہہ گئے

اتراکھنڈ کے ضلع چمولی میں بدھ کی رات نندا نگر علاقے میں بادل پھٹنے کے باعث خوفناک تباہی مچ گئی۔ شدید بارش اور ملبے کے بہاؤ سے کم از کم چھ مکانات زمین بوس ہوگئے جبکہ دس افراد لاپتہ ہیں۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق دو افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا ہے۔ سرچ اور ریسکیو آپریشن کے لیے این ڈی آر ایف کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے جبکہ طبی عملہ اور تین ایمبولینسیں بھی متاثرہ علاقے روانہ کی گئی ہیں۔

لاپتہ افراد میں چھ کنٹری لاگا پھالی گاؤں کے، دو سرپانی اور دو دھُرما کے رہائشی ہیں۔ ان میں سب سے معمر شخص کی عمر 75 سال جبکہ دو بچے محض 10 سال کے ہیں۔ خراب موسم اور مسلسل بارش کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات درپیش ہیں۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس سے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق کئی لوگ اب بھی اپنے گھروں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل صرف چار دن پہلے ریاستی دارالحکومت دہرہ دون میں بادل پھٹنے کے واقعے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے، متعدد گھر اور دکانیں تباہ ہوگئیں اور دو بڑے پل بہہ گئے تھے۔

ریاستی حکومت نے دہرہ دون، چمپاوت اور اُدھم سنگھ نگر میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اب تک ریاست بھر میں 15 افراد لاپتہ اور 900 سے زائد لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی جلد بحالی ہے۔ ان کے مطابق 85 فیصد بجلی لائنیں بحال کر دی گئی ہیں اور باقی بھی جلد درست کر دی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button