ہمارا تاریخ عوام کی جدوجہد سے لکھی گئی ہے: وزیراعلیٰ ریونت ریڈی

وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے بدھ کے روز کہا کہ تلنگانہ کی تاریخ قربانیوں اور عوامی تحریکوں کی داستان ہے۔ پبلک گارڈن میں "تلنگانہ پیپلز گورننس ڈے” کے موقع پر قومی پرچم لہرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا:
"ہماری تاریخ عوام کے ہاتھوں سے لکھی گئی جدوجہد کی تاریخ ہے۔”
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تلنگانہ کی مسلح جدوجہد دنیا کی تحریکوں میں سنہری حروف سے لکھی جا سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ان کی حکومت میں آمرانہ طرزِ حکومت، اقربا پروری اور سفارش کی کوئی جگہ نہیں ہوگی۔
تعلیم، کسانوں اور خواتین کی ترقی پر زور
ریونت ریڈی نے نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم اور کھیلوں کو ترجیح دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جلد ریاستی تعلیمی پالیسی لائی جائے گی۔ خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے مزید "ویمنز مارٹس” قائم کرنے اور کسانوں کے لیے 24 گھنٹے مفت بجلی جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
تلنگانہ کی ترقی اور حیدرآباد کا مستقبل
وزیراعلیٰ نے کرشنا اور گوداوری کے پانیوں کے تحفظ پر زور دیا اور کہا کہ "ایس ایل بی سی ٹنل” جیسے منصوب فلورائیڈ جیسے مسائل کو حل کریں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ حیدرآباد کو "گیٹ وے آف دی ورلڈ” بنایا جائے گا، موسی ندی کی ترقی، 30 ہزار ایکڑ پر "فیوچر سٹی” کی تعمیر، ریجنل رنگ روڈ اور 12 نئی ریڈیل سڑکوں کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
میٹرو توسیع اور "تلنگانہ رائزنگ 2047”
ریونت ریڈی نے میٹرو کے توسیعی کام کے آغاز اور منشیات کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ "تلنگانہ رائزنگ 2047” کا وژن ڈاکیومنٹ 9 دسمبر کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا، جس میں بڑے شہری ترقیاتی منصوبے، بہتر انفراسٹرکچر اور ریاستی آمدنی میں اضافے کے اقدامات شامل ہوں گے۔