دہرہ دون میں بادل پھٹنے سے تباہی: 10 ہلاک، 8 لاپتہ، متعدد مکانات و سڑکیں تباہ

دہرہ دون اور اطراف کے علاقوں میں پیر کی رات شدید بارش اور بادل پھٹنے کے واقعے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ ضلع بھر میں سیلابی ریلوں اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 10 افراد ہلاک اور 8 لاپتہ ہوگئے، جب کہ متعدد مکانات، دکانیں اور سڑکیں بہہ گئیں۔
ساہسترا دھارا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں اچانک طغیانی نے ہوٹلوں، دکانوں اور گھروں کو بہا دیا۔ شکھر فال کے قریب 4 افراد سیلابی پانی میں بہہ گئے جبکہ مسوری کے جھڑی پانی ٹول پلازہ پر تودہ گرنے سے دو مزدور دب گئے، جن میں ایک ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
پاروال گاؤں میں آسن ندی کے طغیانی ریلے میں آٹھ مزدور لاپتہ ہوگئے۔ اسی دوران ایک پل بھی بہہ گیا جس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ ڈوئیوالہ اور دیگر نچلے علاقوں میں مکانات زیرِ آب آگئے جبکہ کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے راستے بند ہوگئے۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام ممکنہ مدد فراہم کرے گی اور راستوں، پانی و بجلی کی فراہمی کو فوری بحال کیا جائے گا۔