تلنگانہ میں آروگیہ سری اسکیم متاثر: نجی اسپتال آدھی رات سے کیش لیس علاج بند کریں گے

تلنگانہ میں ریاستی حکومت کی نمائندہ صحت اسکیم آروگیہ سری شدید بحران کا شکار ہو گئی ہے۔ نجی اسپتالوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات بارہ بجے کے بعد سے کیش لیس علاج کی سہولت بند کر دیں گے۔
تلنگانہ آروگیہ سری نیٹ ورک اسپتال ایسوسی ایشن کے صدر وی راکیش نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کو بارہا یاد دہانی کرائی گئی لیکن واجبات کی ادائیگی نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق ریاست کے 323 نجی اسپتال اس فیصلے سے .متاثر ہوں گے اور مریضوں کو علاج کے لیے رقم براہِ راست ادا کرنا ہوگا
ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت پر تقریباً 1,400 کروڑ روپے کے واجبات باقی ہیں۔ کئی مہینوں سے بقایا جات ادا نہ ہونے کے سبب اسپتالوں کے لیے مزید سہولت فراہم کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے تاہم اسپتال انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ واجبات ادا کیے بغیر کیش لیس سہولت دوبارہ شروع کرنا ممکن نہیں ہوگا۔