نیتن یاہو کا عندیہ: حماس رہنماؤں پر مزید بیرونی حملوں کا امکان رد نہیں

اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامن نیتن یاہو نے عندیہ دیا ہے کہ حماس رہنماؤں پر بیرونِ ملک مزید حملوں کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمنوں کو کہیں بھی "محفوظ پناہ” نہیں ملے گی۔
یروشلم میں امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں نیتن یاہو نے کہا کہ ہر ملک کو اپنی سرحدوں سے باہر بھی اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب گزشتہ ہفتے قطر میں حماس رہنماؤں کو نشانہ بنانے والے فضائی حملے پر عالمی سطح پر شدید تنقید کی گئی۔
قطر خطے میں اہم ثالثی کردار ادا کر رہا ہے اور 2012 سے حماس کا سیاسی دفتر بھی وہیں قائم ہے۔ قطر میں امریکی فضائی اڈہ بھی موجود ہے، جس کے باعث معاملہ مزید حساس ہو گیا ہے۔
اس حملے میں چھ افراد جاں بحق ہوئے تاہم حماس رہنما محفوظ رہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر کو یقین دہانی کرائی تھی کہ دوبارہ ان کی سرزمین پر ایسا واقعہ نہیں ہوگا۔ تاہم نیتن یاہو نے واضح الفاظ میں کہا کہ "یہ کارروائی ہم نے اکیلے کی ہے۔”
نیتن یاہو اور روبیو کی ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب عالمی برادری آئندہ ہفتے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے امکان پر غور کر رہی ہے۔