میزورم میں پہلی ریل لائن: پھلوں اور مصالحوں کی منڈیوں میں انقلاب وزیراعظم مودی

وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو میزورم کی تاریخ بدلنے والا منصوبہ مکمل کیا اور ریاست کو پہلی بار ریل رابطے سے جوڑ دیا۔ بائرابی۔سیرانگ ریل لائن کے آغاز کے ساتھ ہی میزورم کے مقامی پھل اور مصالحے اب پورے ملک اور دنیا کی منڈیوں تک آسانی سے پہنچ سکیں گے۔
میزورم کے خصوصی پھلوں میں پائین ایپل، کینو، پپیتا اور ساپتھی (جو وٹامنز سے بھرپور ہے) شامل ہیں، جب کہ مقامی مسالوں میں ہلدی، کالی مرچ اور ادرک کو بھی نئی منڈیاں میسر آئیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ نیم جنگلی پھل "ہٹکورا” اور منفرد ذائقے والے پھل "ووئکڈپ” اور "تواجت” بھی اب قومی اور بین الاقوامی خریداروں تک پہنچ پائیں گے۔
ریلوے کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق میزورم کا ساپتھی پھل پہلے ہی ملک بھر میں مقبول ہو رہا ہے، اور ریل رابطے کی بدولت اس کی مانگ مزید بڑھے گی۔ اسی طرح ریاست کے پپیتے، جو مستقل مانگ میں رہتے ہیں، اب وسیع پیمانے پر مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے۔
بائرابی۔سیرانگ لائن کی تعمیر جغرافیائی مشکلات کی وجہ سے ایک بڑا چیلنج تھی، جس میں 45 سرنگیں اور 55 بڑے پُل شامل ہیں۔ اس کامیابی کو نہ صرف مقامی کسانوں کے لیے ایک نیا موقع قرار دیا جا رہا ہے بلکہ میزورم کی معیشت کو رفتار دینے والا سنگ میل بھی سمجھا جا رہا ہے۔