چارلی کرک کے قاتل کی گرفتاری، ٹرمپ کا انکشاف: اسے قریبی شخص نے ہی پکڑوایا

امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ کنزرویٹو رہنما اور اپنے قریبی ساتھی چارلی کرک کے قتل میں ملوث مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ قاتل کو اس کے قریب ترین شخص نے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں “بہت زیادہ یقین” ہے کہ جس شخص کو حراست میں لیا گیا ہے، وہی اصل ملزم ہے۔ ان کے مطابق، “یہ شخص قانون نافذ کرنے والے ادارے سے منسلک تھا، لیکن ساتھ ہی ایک مذہبی رہنما بھی تھا، اس نے مشتبہ کو یو ایس مارشل کے حوالے کیا اور وہ اب پولیس ہیڈکوارٹر میں موجود ہے۔”
یاد رہے کہ 31 سالہ چارلی کرک کو بدھ کے روز یوٹا ویلی یونیورسٹی میں طلبہ اور حامیوں سے خطاب کے دوران گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ حملہ اس وقت ہوا جب وہ ہجوم کے درمیان سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ گولی چلتے ہی کرک نے اپنا گلا پکڑ لیا اور زمین پر گر پڑے جبکہ ہجوم میں بھگدڑ مچ گئی۔
اس واقعے کے بعد ملک گیر سطح پر بڑی کریک ڈاؤن کارروائی شروع ہوئی، جس میں 20 سے زائد ادارے شامل ہوئے اور عوام سے 7 ہزار سے زیادہ معلومات موصول ہوئیں۔ یوٹا کے گورنر اسپنسر کاکس نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “غلط معلومات کے پھیلاؤ کے باوجود اصل حقائق سامنے لائے جائیں گے۔”