حیدرآباد ایئرپورٹ پر کھانے کی ترسیل کے لیے روبوٹ کا تجربہ

حیدرآباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک جدید قدم اٹھایا ہے۔ ایئرپورٹ پر پہلی بار ایک خودکار فوڈ ڈلیوری روبوٹ آزمایا جا رہا ہے جو مسافروں کو چائے، کافی اور اسنیکس فراہم کرے گا۔
یہ چار پہیوں والا روبوٹ مسافروں کے گیٹ تک آرڈر پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مسافروں کو صرف کیو آر کوڈ اسکین کرنا ہوگا، اس کے بعد وہ اپنی پسند کا کھانا یا مشروب منتخب کر سکتے ہیں، اور روبوٹ براہِ راست پہنچا دے گا۔ کچھ مسافروں نے دورانِ آزمائش اس روبوٹ کو دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر تصویریں اور ویڈیوز بھی شیئر کیں۔
یہ سروس ’روبوٹ فوڈ ڈلیوری ٹو یو‘ کے نام سے متعارف کروائی جا رہی ہے اور بین الاقوامی ایئرپورٹس پر استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی سے مشابہت رکھتی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ایئرپورٹ پر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مسافروں کے تجربے کو مزید آرام دہ اور سہل بنانا ہے۔
فی الحال یہ منصوبہ آزمائشی مرحلے میں ہے اور اس کے لیے منیرو ریسٹورنٹ چین، جی ایم آر ایرو اور آر جی فریش کے ساتھ شراکت داری کی گئی ہے۔ مستقبل میں ایئرپورٹ انتظامیہ اس سروس کو باقاعدہ طور پر شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ مسافروں کو ایک نیا اور منفرد تجربہ فراہم کیا جا سکے۔