تلنگانہ کے آئی ٹی وزیر کا یو اے ای کو دعوت: اے آئی وژن میں شراکت داری کی پیشکش

تلنگانہ کے آئی ٹی وزیر ڈی سریدھر بابو نے دبئی میں یو اے ای کے وزیر برائے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل اکانومی اور ریموٹ ورک ایپلیکیشنز عمر بن سلطان العلماء سے ملاقات میں ریاست کے اہم اے آئی وژن کو پیش کیا اور کہا کہ تلنگانہ دنیا کا مصنوعی ذہانت کا مرکز بننے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے اے آئی سٹی، اے آئی یونیورسٹی اور اے آئی انوویشن ہب جیسے منصوبوں کے ساتھ بھارت کے پہلے اے آئی پر مبنی تلنگانہ ڈیٹا ایکسچینج کا تعارف بھی کرایا جس نے صحت، تعلیم، زراعت اور حکمرانی میں تبدیلی کی راہ ہموار کی ہے۔
وزیر نے یو اے ای کو دعوت دی کہ وہ حیدرآباد میں مشترکہ اے آئی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر قائم کرے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ بھارت کی چوتھی سب سے بڑی یو پی آئی اکانومی ہے جہاں 2025 کے جولائی تک 1.26 لاکھ کروڑ روپے کے ڈیجیٹل لین دین ریکارڈ کیے گئے۔
متحدہ عرب امارات وزیر عمر بن سلطان العلماء نے تلنگانہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کلاؤڈ کمپیوٹنگ، سائبر سیکیورٹی، کوانٹم کمپیوٹنگ اور گیمنگ کے شعبوں میں تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اپنے ملک کے اسٹارگیٹ پراجیکٹ (100 ارب ڈالر کا اے آئی منصوبہ) کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں تلنگانہ کو شراکت دار بنانے کی خواہش ہے۔