جاپان کا بھارت میں 68 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان، مودی اور ایشیبا کی ملاقات میں اہم معاہدے

ٹوکیو میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور جاپانی وزیر اعظم شیگیر و ایشیبا کے درمیان ہونے والے سالانہ اجلاس میں دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون کے نئے باب کا آغاز کیا۔ جاپان نے اگلے دس برسوں میں بھارت میں 68 ارب ڈالر کی نجی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
اجلاس میں "اکانومک سکیورٹی انیشی ایٹو” کا آغاز کیا گیا جس کے تحت سیمی کنڈکٹرز، ٹیلی کام، فارماسیوٹیکلز اور نئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں سپلائی چین کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ ساتھ ہی دفاعی تعاون پر بھی مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا تاکہ خطے کے چیلنجز کا مشترکہ طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بھارت اور جاپان نہ صرف اپنی قوموں بلکہ عالمی امن و استحکام کے لیے بھی اہم شراکت دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا تعلق باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور ترقی کے عزم پر قائم ہے۔
یہ سرمایہ کاری جاپان کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت پہلے ہی پانچ سالہ ہدف کو مقررہ وقت سے دو سال قبل حاصل کیا جا چکا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر کہا کہ اگلی دہائی کے لیے تیار کیا گیا روڈ میپ دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔