تلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریںقومی

ریونت ریڈی کا سیلاب زدہ علاقوں پر فضائی سروے، مرکز سے فوری امداد کی پرزور اپیل

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے جمعرات کو کما ریڈی، میدک اور پیڈاپلی کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی معائنہ کیا۔ اس موقع پر وزیرِ آبپاشی این اُتم کمار ریڈی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیراعلیٰ نے یلّام پلی پراجیکٹ کا بھی دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ پراجیکٹ مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہے، جبکہ کلیشورم پراجیکٹ تکنیکی خامیوں کی وجہ سے ناکام ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈی گڈہ بیراج کے ڈوبنے کے بعد ماہرین نے انا رام اور سندیلا بیراجز کو بھی چلانے سے منع کیا ہے۔ ریونت ریڈی نے سابق وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی حکومت نے کتابیں تو بہت پڑھیں لیکن منصوبے مضبوط نہیں بنائے۔

خراب موسم کے باعث وزیراعلیٰ کما ریڈی میں طے شدہ اجلاس میں شریک نہ ہوسکے اور میدک میں ضلعی افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ سیلاب کی صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے اس لیے مکمل ہائی الرٹ پر رہیں۔

میدک کے رکن پارلیمنٹ ایم راگھونندن راؤ نے اجلاس میں مطالبہ کیا کہ پیلی کوٹّال گاؤں میں نیا سب اسٹیشن تعمیر کیا جائے اور میدک سے کما ریڈی تک چار لین سڑک بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مرکز سے امدادی فنڈز لائے جائیں تاکہ بحالی اور امدادی کام تیزی سے شروع ہوسکیں۔


متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button