تلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریںقومی

تلنگانہ میں موسلا دھار بارش، ریونت ریڈی نے ہائی الرٹ جاری کردیا

تلنگانہ میں موسلا دھار بارشوں کے بعد وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے تمام محکموں کو ہائی الرٹ پر رکھا ہے۔ حیدرآباد سمیت مختلف اضلاع میں بارش کے باعث نچلے علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے جس کے سبب عوام کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ تمام محکمے 24 گھنٹے صورتحال پر نظر رکھیں اور ضرورت پڑنے پر بروقت کارروائی کریں۔ نچلے علاقوں اور خستہ حال مکانات میں رہنے والے شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ریونت ریڈی نے جی ایچ ایم سی، پولیس، فائر سروسز اور ایس ڈی آر ایف کو قریبی رابطے میں رہتے ہوئے ریلیف آپریشنز چلانے کا حکم دیا۔ اسی طرح بجلی کے کھمبوں اور ٹرانسفارمرز کے قریب گنیش منڈپوں پر خصوصی احتیاط برتنے کے لیے ٹی جی ٹرانسکو عملے کو ہدایات دی گئیں تاکہ کسی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ نے آبپاشی محکمے کو ہدایت دی ہے کہ تالابوں اور دیگر آبی ذخائر کی نگرانی کی جائے اور کسی بھی شگاف یا بریکج کو بروقت روکا جائے۔ بلدیہ اور پنچایتوں کے صفائی عملے کو حکم دیا گیا ہے کہ جمی ہوئی بارش کے پانی کو فوری صاف کیا جائے تاکہ وبائی امراض نہ پھیل سکیں۔

محکمہ صحت کی ٹیموں کو دوائیوں کا وافر ذخیرہ رکھنے اور ضرورت کے مطابق میڈیکل کیمپس لگانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button