بھارت اور کویت کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

بھارت اور کویت کے درمیان ساتویں فارن آفس کنسلٹیشنز نئی دہلی میں منعقد ہوئیں، جن میں دو طرفہ تعلقات اور شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت بھارت کی وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری عاصم مہاجن اور کویت کی وزارتِ خارجہ کے اسسٹنٹ وزیر برائے ایشیائی امور، سفیر سمیح عیسیٰ جوہر حیات نے کی۔
اجلاس میں سیاسی، تجارتی، سرمایہ کاری، دفاع، توانائی، ثقافت اور عوامی روابط جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں ملکوں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی اپنے مؤقف شیئر کیے اور اس بات پر اتفاق کیا کہ قیادت کی رہنمائی میں طے شدہ روڈمیپ پر تیزی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق، بھارت اور کویت کے تعلقات تاریخی اور کثیر الجہتی ہیں۔ موجودہ مالی سال میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 10.2 بلین ڈالر رہا ہے، جبکہ کویت میں 10 لاکھ سے زائد بھارتی شہری مقیم ہیں جو عوامی سطح پر قریبی تعلقات کی مضبوط مثال ہیں۔ یاد رہے کہ بھارت 1961 میں کویت کی آزادی کے فوراً بعد سفارتی تعلقات قائم کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا۔ 2024 میں وزیراعظم نریندر مودی کے دورۂ کویت کے دوران دونوں ملکوں کے تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا درجہ دیا گیا۔