نکی بھاٹی جہیز کے لئے قتل: برسوں کا سمجھوتہ بالآخر قیامت پر منتج

گریٹر نوئیڈا کی سرسا کالونی میں 28 سالہ نکی بھاٹی کو اس کے شوہر اور سسرالیوں نے 21 اگست کو مبینہ طور پر آگ لگا کر قتل کر دیا۔ الزام ہے کہ جہیز کی مانگیں پوری نہ ہونے اور انسٹاگرام پر ویڈیوز پوسٹ کرنے و بیوٹی پارلر دوبارہ کھولنے کے تنازعے کے بعد یہ دلخراش واقعہ پیش آیا۔
نکی اور اس کی بہن کنچن نے 2016 میں بھاٹی خاندان میں شادی کی تھی۔ شادی کے بعد سے ہی دونوں پر مسلسل جہیز کے لئے دباؤ ڈالا جاتا رہا۔ ان کے سسرالی مہنگی کاریں، اسکوپیو ایس یو وی، رائل انفیلڈ موٹر سائیکل، نقدی اور سونا مانگتے رہے۔ نکی کئی بار اپنے والدین کے گھر بھی لوٹی، مگر ہر بار سسرالی صلح کا بہانہ بنا کر واپس لے جاتے۔
پولیس نے شوہر وپن بھاٹی، ساس دیا بھاٹی، سسر ستیویر بھاٹی اور دیور روہت بھاٹی کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان کے خلاف قتل اور سازش سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ نکی کی بہن کنچن دو بچوں سمیت میکے واپس آ گئی ہے۔