"مودی کا وارانسی دورہ: 2200 کروڑ کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان آج”

وزیرِ اعظم نریندر مودی ہفتہ کو اپنے پارلیمانی حلقے وارانسی کا دورہ کریں گے، جہاں وہ تقریباً 2200 کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھیں گے۔
صبح 11 بجے ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے، وزیرِ اعظم ’پردھان منتری کسان سمان ندھی‘ اسکیم کی 20ویں قسط جاری کریں گے، جس کے تحت ملک بھر کے 9.7 کروڑ کسانوں کے کھاتوں میں براہ راست 20500 کروڑ روپے منتقل کیے جائیں گے۔
وزیرِ اعظم اہم سڑکوں کی توسیع اور مضبوطی کے منصوبے جیسے وارانسی-بھدوہی اور چھیٹاونی-شول ٹنکیشور سڑک کا بھی افتتاح کریں گے۔ اس کے ساتھ ہردت پور پر نیا ریل اوور برج بھی کھولا جائے گا، جو موہن سرائے-ادل پورا روٹ پر ٹریفک کا بوجھ کم کرے گا۔
اس کے علاوہ، وزیرِ اعظم کئی بنیادی ڈھانچے کے نئے منصوبوں کی بنیاد رکھیں گے، جیسے دلمنڈی، لہرتارا-کوٹوا، گنگا پور اور ببت پور میں سڑکوں کی ترقی۔
سیاحت کے فروغ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے، آٹھ ندی کنارے گھاٹوں کی تزئین، رنگیلداس کٹیا اور درگا کنڈ کی بحالی کی جائے گی، جبکہ کرڈمیشور مہادیو مندر، کرکھیاں گاؤں اور منشی پریم چند کے آبائی گھر کو عجائب گھر میں تبدیل کرنے کے منصوبے کی بنیاد رکھی جائے گی۔