مالے میں وزیر اعظم مودی کے دورے کے دوران بھارت اور مالدیپ کے درمیان اہم معاہدے

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز مالدیپ کے دورے کے دوران کہا کہ بھارت کے لیے ہمیشہ دوستی کو سب سے پہلی ترجیح دی گئی ہے، اور مالدیپ بھارت کے ’’پڑوسی اول‘‘ اور ’’ساگر وِژن‘‘ پالیسی میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت، مالدیپ کا قریبی ترین ہمسایہ ہے اور جب بھی قدرتی آفات یا وبائیں آئیں، بھارت نے ہمیشہ سب سے پہلے مدد فراہم کی۔ ضروری اشیاء کی ترسیل ہو یا کووڈ کے بعد معیشت کو سنبھالنے کا معاملہ، بھارت نے ہمیشہ ساتھ دیا۔
وزیر اعظم مودی نے مالدیپ کی آزادی کے 60 سال مکمل ہونے پر صدر محمد معیظو اور مالدیپ کے عوام کو مبارکباد دی اور اس تاریخی موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیے جانے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا، ’’ہمارے تعلقات کی جڑیں تاریخ سے بھی قدیم اور سمندر کی گہرائیوں جیسی مضبوط ہیں۔‘‘
مالدیپ کے صدر محمد معیظو نے بھارت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گریٹر مالے کنیکٹیویٹی پروجیکٹ دونوں ممالک کی شراکت داری کی یادگار ہوگا۔ بھارت کی طرف سے 72 گاڑیوں کی فراہمی اور 4000 میں سے 3300 مکانات کی حوالگی کو انہوں نے مالدیپ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔