بین الاقوامیعرب دنیا

روس کا یوکرین پر بڑا حملہ، 300 سے زائد ڈرون اور 30 میزائل داغے

روس نے ہفتہ کی رات یوکرین پر ایک شدید فضائی حملہ کیا، جس میں 300 سے زائد ڈرونز اور 30 سے زیادہ کروز میزائل فائر کیے گئے۔ حملے میں ایک شخص جاں بحق، جبکہ کئی افراد زخمی ہو گئے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ اوڈیسا شہر میں گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔

اوڈیسا کے میئر ہیناڈی ترخانوو کے مطابق، بلیک سی کے ساحلی شہر اوڈیسا پر 20 سے زائد ڈرونز اور ایک میزائل سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک رہائشی عمارت میں آگ لگ گئی، تاہم پانچ افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ صدر وولودومیر زیلنسکی کے مطابق، اوڈیسا میں 6 افراد زخمی ہوئے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے، جبکہ شمال مشرقی علاقے سومی میں اہم تنصیبات کو نقصان پہنچا۔

صدر زیلنسکی نے بین الاقوامی اتحادیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے یوکرین کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے معاہدوں پر فوری عملدرآمد کو اہم قرار دیا۔ ان میں مشترکہ ہتھیار سازی، ڈرون کی تیاری اور فضائی دفاعی نظام کی فراہمی شامل ہے۔

روس نے حالیہ دنوں میں یوکرین پر اپنے طویل فاصلے کے حملوں میں تیزی لا دی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ حملے آئندہ مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں۔ آٹھ جولائی کو روس نے ایک ہی دن میں 700 سے زیادہ ڈرون استعمال کیے تھے، جو اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق، انہوں نے ہفتہ کی رات 71 یوکرینی ڈرونز مار گرائے۔ ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کی طرف آنے والے 13 ڈرونز کو بھی تباہ کر دیا گیا۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button