بھارت میں 2025 تک پہلا کمرشل سیمی کنڈکٹر چِپ تیار ہوگا

مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے اعلان کیا ہے کہ بھارت 2025 تک اپنا پہلا تجارتی سطح پر تیار کردہ سیمی کنڈکٹر چپ بنائے گا۔ یہ اعلان انہوں نے انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی حیدرآباد (آئی آئی ٹی-ایچ) کی 14ویں کانووکیشن تقریب کے دوران کیا، جو سنگاریڈی ضلع کے کانڈی کیمپس میں منعقد ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں اس وقت چھ سیمی کنڈکٹر یونٹس زیر تعمیر ہیں، جن میں چِپ ڈیزائننگ اور نوجوانوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ آئی آئی ٹی-حیدرآباد سمیت دیگر اداروں کے طلبہ نے اب تک 20 چپس ڈیزائن کی ہیں، جن میں سے 8 کامیابی سے مکمل ہو چکی ہیں۔
اشونی ویشنو نے انڈیا اے آئی مشن، ٹیلی کام میں خود انحصاری، اور ریلوے کے جدید منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت نے محض ساڑھے تین سال میں خود کا فور جی ٹیکنالوجی اسٹیک تیار کیا، جو مستقبل میں فائیو جی میں اپگریڈ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے ریلوے کی خودکار ٹرین تحفظ نظام "کَوچ” کا بھی ذکر کیا، جو حیدرآباد میں تیار کیا گیا ہے اور اب قومی سطح پر ریلوے نیٹ ورک میں نصب کیا جا رہا ہے۔
تقریب میں میدک کے رکن پارلیمنٹ ایم راگھونندن راؤ، بورڈ چیئرمین بی وی آر موہن ریڈی، ڈائریکٹر پروفیسر بی ایس مورتی اور دیگر معززین شریک ہوئے۔