عراق کے شہر کوت میں ہائپرمارکیٹ میں خوفناک آگ، 61 افراد جاں بحق

عراق کے مشرقی شہر کوت میں ایک نئی کھلی ہوئی ہائپرمارکیٹ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب خوفناک آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 61 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 45 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔
عراقی وزارت داخلہ کے مطابق واسط گورنری میں واقع اس پانچ منزلہ عمارت سے جھلسے ہوئے 14 لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ کئی افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رات کے وقت عمارت کو آگ نے مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا اور فائربریگیڈ کی گاڑیاں آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
یہ ہائپرمارکیٹ صرف ایک ہفتہ قبل ہی کھولی گئی تھی، جس میں ایک ریسٹورینٹ اور سپرمارکیٹ بھی شامل تھے۔ آگ اس وقت لگی جب کئی خاندان خریداری اور کھانے میں مصروف تھے۔ واسط کے گورنر محمد المیاحی کے مطابق، فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کئی افراد کو بچایا۔
عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر داخلہ کو جائے وقوعہ پر بھیجا اور تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے اور تحقیقات کی رپورٹ 48 گھنٹوں میں جاری کی جائے گی۔ گورنر نے عمارت کے مالک اور مال کے خلاف مقدمات درج کرنے کا اعلان کیا ہے۔