اچانک اموات کا کورونا ویکسین سے کوئی تعلق نہیں، بھارتی تحقیقاتی اداروں کی تصدیق

بھارتی وزارتِ صحت نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا ویکسین لگوانے کے بعد ہونے والی اچانک اموات کا براہِ راست کوئی تعلق ویکسین سے ثابت نہیں ہوا ہے۔ یہ بیان ملک کے معتبر طبی تحقیقاتی اداروں انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (ICMR) اور آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (AIIMS) کی جانب سے کی گئی تفصیلی تحقیقات کے بعد سامنے آیا ہے۔
وزارت کے مطابق، تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ان اچانک اموات کی اصل وجوہات میں غیر صحت مند طرزِ زندگی، پہلے سے موجود بیماریوں اور موروثی عوامل شامل ہیں۔
کچھ عرصے سے سوشل میڈیا اور مختلف پلیٹ فارمز پر یہ بیانیہ زور پکڑ رہا تھا کہ کورونا ویکسین خاص طور پر نوجوانوں میں اچانک موت کا باعث بن رہی ہے۔ ان دعوؤں کی سچائی جاننے کے لیے قومی اداروں نے سائنسی تحقیق کی اور اب ان نتائج کو عوام کے سامنے لایا جا رہا ہے تاکہ غلط فہمیوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔
وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ
"تحقیقات سے یہ بھی واضح ہوا ہے کہ کورونا ویکسینز اچانک اموات کے خطرے میں اضافہ نہیں کرتیں، بلکہ اس کے پیچھے بنیادی بیماریوں، جینیاتی عوامل اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ زندگی کا کردار ہوتا ہے۔”
ماہرین نے زور دے کر کہا کہ کورونا ویکسین کو ان اموات سے جوڑنا نہ صرف غلط بلکہ گمراہ کن ہے اور اس کی کوئی سائنسی بنیاد موجود نہیں۔