پاشامی دھماکہ: جاں بحق افراد کے لیے ایک کروڑ، وزیراعلیٰ کا سخت نوٹس

پاشامی لارم میں کیمیکل فیکٹری کے ری ایکٹر میں دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے فی کس معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ مستقل معذور ہونے والوں کو 10 لاکھ اور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ فوری امداد کے طور پر جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو ایک لاکھ اور زخمیوں کو پچاس ہزار روپے دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 36 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ حادثے کے وقت فیکٹری میں 143 مزدور کام کر رہے تھے، جن میں سے 58 کی شناخت ہوچکی ہے۔ زیادہ تر مزدور بہار، اڑیسہ، چھتیس گڑھ اور آندھرا پردیش سے تعلق رکھتے تھے۔ زخمیوں کے علاج کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی اور جاں بحق ہونے والوں کے بچوں کو سرکاری رہائشی اسکولوں میں داخلہ دیا جائے گا۔
چیف سیکریٹری کے رام کرشنا راؤ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے فیکٹریز ڈیپارٹمنٹ سے جواب طلب کیا کہ کیا وہاں باقاعدہ حفاظتی معائنہ کیا گیا تھا؟ انہوں نے کہا کہ اگر کوتاہی پائی گئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔
ریونت ریڈی نے تمام فیکٹریوں کا تفصیلی حفاظتی معائنہ کرنے کی ہدایت دی تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ لاشوں کی شناخت اور ملبہ ہٹانے کے کام انتہائی احتیاط سے انجام دیے جائیں۔
ادھر وزیر صنعت سرینواس بابو نے کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر انہیں فیکٹری کی فکر نہیں تو یہاں یونٹ لگانے کی کیا ضرورت تھی۔