
گوگل نے اپنی نئی اختراعی پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے "بیٸم” کے نام سے ایک نیا 3ڈی ویڈیو کالنگ پلیٹ فارم متعارف کروایا ہے، جو صارفین کو یہ احساس دیتا ہے کہ جس شخص سے وہ بات کر رہے ہیں، وہ اُن کے سامنے موجود ہے۔
یہ نیا پلیٹ فارم گوگل کے سابق تحقیقی منصوبے "پروجیکٹ اسٹار لائن” پر مبنی ہے، جس کا آغاز 2021 میں ہوا تھا۔ اس منصوبے کا مقصد روایتی ویڈیو کالنگ کے تجربے کو حقیقی ملاقات کے جیسا بنانا تھا۔ اب اسی منصوبے کی ترقی یافتہ شکل "گوگل بیٸم” کے طور پر پیش کی گئی ہے۔
گوگل کے مطابق، "بیٸم” جدید مصنوعی ذہانت پر مبنی ویڈیو ماڈل استعمال کرتا ہے، جو 2ڈی ویڈیو کو حقیقت سے قریب تر 3ڈی تجربے میں بدل دیتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم ابتدائی طور پر چند بڑی کمپنیوں جیسے سیلز فورس، سیٹاڈل، این ای سی، ڈیلائٹ، اور ڈوولنگو کے لیے جاری کیا جائے گا۔
اس ٹیکنالوجی کے تحت خصوصی ہارڈویئر جیسے چھ کیمروں کا مجموعہ اور ایک کسٹم لائٹ فیلڈ ڈسپلے استعمال کیا جاتا ہے، جس کی مدد سے صارفین کو 3ڈی اور حقیقت سے قریب تر بصری تجربہ حاصل ہوتا ہے۔ گوگل کا کہنا ہے کہ اس نظام میں کیمرے مختلف زاویوں سے صارف کی ویڈیو لیتے ہیں اور پھر مصنوعی ذہانت کے ذریعے اس کو تھری ڈی شکل دی جاتی ہے۔
یہ پلیٹ فارم خاص طور پر کارپوریٹ اور پیشہ ورانہ دنیا کے لیے تیار کیا گیا ہے تاکہ دفتری ویڈیو کانفرنسنگ کو مزید مؤثر اور حقیقت کے قریب تر بنایا جا سکے۔