گجرات میں القاعدہ سے منسلک 4 دہشت گرد گرفتار

گجرات میں انسدادِ دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے القاعدہ سے منسلک چار دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے جو جعلی کرنسی کے دھندے اور تنظیم کی انتہاپسند سوچ کو پھیلانے میں ملوث تھے۔ اے ٹی ایس کے مطابق ایک دہشت گرد کو کسی دوسرے ریاست سے گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ہونے والے افراد میں محمد فائق، محمد فردین، سیف اللہ قریشی، اور ذیشان علی شامل ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ افراد سوشل میڈیا اور مخصوص مشتبہ ایپس کے ذریعے القاعدہ کی آئیڈیالوجی کو فروغ دے رہے تھے۔ یہ ایپس خودکار طریقے سے پیغامات کو حذف کر دیتی تھیں تاکہ ان کے رابطوں کا کوئی سراغ نہ رہے۔
اے ٹی ایس افسران کے مطابق یہ افراد کافی عرصے سے القاعدہ سے جڑے ہوئے تھے اور سوشل میڈیا کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطے میں آئے۔ دہلی سے تعلق رکھنے والے محمد فائق ایک پاکستانی انسٹاگرام صارف سے رابطے میں تھا اور بھارت میں جہادی سرگرمیاں پھیلانے پر گفتگو کر رہا تھا۔
احمد آباد کے فتیہ واڑی علاقے میں چھاپے کے دوران اے ٹی ایس نے ملزم کے گھر سے تلوار اور "آپریشن سندور” کے خلاف جہاد پر مبنی القاعدہ کا لٹریچر برآمد کیا۔
پولیس اب ان کے فنڈنگ ذرائع اور منصوبوں کی مکمل چھان بین کر رہی ہے۔