سکم میں لینڈ سلائیڈنگ، ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق، 7 سالہ بچی زندہ بچ گئی

گینگٹوک: سکم کے ضلع مغربی سکم کے ینگ تھانگ حلقے میں اپر رمبی علاقے میں رات گئے شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق اور تین دیگر لاپتہ ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حادثہ آدھی رات کے قریب پیش آیا جب مسلسل بارشوں نے پہاڑی تودہ گرنے کا سبب بنا۔
جاں بحق ہونے والوں میں بھیِم پرساد لمبو (53)، ان کی بہن انیتا لمبو (46) اور داماد بمل رائے (50) شامل ہیں۔ معجزانہ طور پر لمبو کی سات سالہ نواسی انجل رائے کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔
ریسکیو آپریشن کے دوران دو خواتین کو بھی زخمی حالت میں نکالا گیا، جنہیں فوری طور پر ضلع اسپتال گیزنگ منتقل کیا گیا۔ تاہم ایک خاتون زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئی، جبکہ دوسری کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
وزیر برائے عمارت و محنت بھیم ہانگ لمبو، جو مقامی رکنِ اسمبلی بھی ہیں، رات 2 بجے جائے حادثہ پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔ حکام کے مطابق تین لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے جبکہ بارشوں کے پیشِ نظر نچلے اور خطرناک علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔