اداکارہ دیشا پٹانی کے گھر فائرنگ کرنے والے دو ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک

اتر پردیش کے ضلع غازی آباد میں پولیس مقابلے کے دوران دو ایسے ملزمان ہلاک ہوگئے جو بالی ووڈ اداکارہ دیشا پٹانی کے آبائی گھر پر فائرنگ کے مقدمے میں مطلوب تھے۔ پولیس کے مطابق یہ دونوں ملزمان ایک بین الاقوامی جرائم پیشہ گینگ سے تعلق رکھتے تھے۔ مقابلے کے دوران دہلی پولیس کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا۔
یہ واقعہ 12 ستمبر کی صبح بَریلی کے سول لائنز علاقے میں پیش آیا تھا جب تقریباً 3:45 بجے اداکارہ کے گھر پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔ اس وقت گھر میں دیشا پٹانی کے والد ریٹائرڈ ڈی ایس پی جگدیش سنگھ پٹانی، والدہ اور بڑی بہن خوشبو پٹانی موجود تھیں۔
واقعے کے فوراً بعد بیرونِ ملک مقیم بدنام گینگسٹر "گولڈی برار” نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے حملے کی ذمہ داری قبول کی۔ اس نے دعویٰ کیا کہ یہ کارروائی دیشا پٹانی اور ان کی بہن کی جانب سے مذہبی شخصیات سنت پریم آنند مہاراج اور انیرُدھ آچاریہ کے بارے میں دیے گئے مبینہ بیانات کے خلاف کی گئی۔ پوسٹ میں واضح دھمکیاں دی گئی تھیں اور اپنے نیٹ ورک کے کئی افراد کو ٹیگ بھی کیا گیا تھا۔
ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت رویندر (روہتک) اور ارون (سونی پت) کے ناموں سے ہوئی۔ جائے وقوعہ سے جدید ہتھیار، بشمول "گلاک پستول”، "زگانا پستول” اور درجنوں کارتوس برآمد کیے گئے۔