منی پور میں حملہ: 2 جوان شہید، 5 زخمی

منی پور کے ضلع بشنوپور میں نامعلوم حملہ آوروں نے آسام رائفلز کے قافلے پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 2 جوان شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔ ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
یہ واقعہ جمعہ کی شام 5 بج کر 50 منٹ پر پیش آیا جب 33 آسام رائفلز کے اہلکاروں کو لے جانے والی گاڑی امفال سے بشنوپور کی طرف جا رہی تھی۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
اس واقعے پر گورنر اجے کمار بھلّا نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے سفاکانہ کارروائی قرار دیا۔ راج بھون کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ’’اس قسم کے پرتشدد واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سخت ترین اقدامات کیے جائیں گے۔‘‘
یاد رہے کہ منی پور میں حالیہ مہینوں میں شورش پسند گروہوں کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور سیکورٹی فورسز کو اکثر ایسے اچانک حملوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔