کاغذی نہیں، عوامی پالیسی چاہیے: رام موہن نائیڈو

سنگاریڈی: مرکزی وزیر ہوا بازی کنجارامپو رام موہن نائیڈو نے کہا کہ پالیسی سازی صرف کاغذی کام نہیں بلکہ یہ عوامی خدمت ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جب تک پالیسی ساز عوامی زندگی کی بنیادی سطح سے جڑے نہیں رہتے، تب تک وہ مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکتے۔
رام موہن نائیڈو بدھ کے روز گیتام یونیورسٹی کے کوتلیہ اسکول آف پبلک پالیسی (کے ایس پی پی) کے گریجویشن پروگرام سے خطاب کر رہے تھے جو ضلع سنگاریڈی کے رودرارم میں منعقد ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اپنے ایک دہائی سے زیادہ پارلیمانی کیریئر میں وہ ہمیشہ عوام سے جڑے رہنے کے اصول پر عمل کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ پہلی بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تو دفتر میں تجربہ کار پالیسی سازوں کی کمی کی وجہ سے انہیں کام کرنے میں دشواری پیش آئی، اسی لیے ملک کو مختلف شعبوں میں ماہر اور مؤثر پالیسی سازوں کی سخت ضرورت ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ اب پالیسی سازی حکومت، غیر سرکاری اداروں، صنعتوں اور منتخب نمائندوں کے دفاتر میں اہمیت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فارغ التحصیل طلباء ہوابازی کے شعبے میں کیریئر بنائیں گے کیونکہ وہاں تجربہ کار افراد کی اشد ضرورت ہے۔
آخر میں انہوں نے طلباء سے اپیل کی کہ وہ ملک کو گہرائی سے سمجھیں اور سب کو شامل کرنے والی سوچ کے ساتھ ایسے خیالات پیش کریں جو پورے ملک کی فلاح کے لیے ہوں۔