مودی کا تاریخی دورہ سعودی عرب ترقی، دفاع اور دوستی پر بات چیت

وزیراعظم نریندر مودی آج جدہ پہنچیں گے جہاں وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ ان کا سعودی عرب کے تجارتی مرکز جدہ کا پہلا دورہ ہے، جبکہ مجموعی طور پر تیسرا دورہ ہے۔
اس اہم دورے کے دوران وزیراعظم مودی اور ولی عہد محمد بن سلمان "ہند۔سعودی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل” کے دوسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ دونوں رہنما اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے، دفاعی تعاون میں اضافہ، اور خطے کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کریں گے۔
ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان خلائی سائنس، توانائی، صحت، ثقافت، جدید ٹیکنالوجی اور تعلیم جیسے شعبوں میں کم از کم چھ یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق، درجن سے زائد معاہدے زیرِ غور ہیں، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، اور دفاع بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم مودی، ولی عہد سے بھارتی حجاج کے حج کوٹے میں اضافے پر بھی بات کریں گے۔ بھارتی سفیر سہیل اعجاز خان کے مطابق جدہ صدیوں سے بھارت اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی بندرگاہ رہا ہے اور مکہ مکرمہ کے لیے دروازے کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ تمام حجاج و معتمرین یہاں اترتے ہیں۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی علامت ہے اور مستقبل میں تعاون کے نئے دروازے کھولنے کا ذریعہ بنے گا۔