کابینہ میں توسیع؟ فیصلہ صرف ہائی کمان کرے گی: ریونت ریڈی

حیدرآباد: وزیر اعلیٰ تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے پارٹی ایم ایل ایز کو واضح ہدایت دی ہے کہ وہ کابینہ میں توسیع کے حوالے سے عوامی سطح پر بیانات نہ دیں، کیونکہ اس بارے میں صرف پارٹی ہائی کمان کا فیصلہ ہی حتمی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات پارٹی کے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے کانگریس قانون ساز پارٹی (سی ایل پی) کی میٹنگ میں کہی، جس میں ریاستی حکومت کی اہم اسکیموں پر عمل درآمد، بھو بھارتی قانون ۲۰۲۴، عمدہ چاول کی تقسیم، اندراما ہاؤسنگ اسکیم اور درج فہرست ذاتوں کی درجہ بندی جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ریونت ریڈی نے بعض ایم ایل ایز کی کارکردگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی فلاحی اسکیموں کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچنا چاہیے اور ان اسکیموں کو بڑے پیمانے پر عوام میں اجاگر کرنا ضروری ہے تاکہ آئندہ انتخابات میں فائدہ حاصل ہو۔
انہوں نے ایم ایل ایز کو ہدایت دی کہ وہ یکم مئی سے ۲ جون تک اپنے حلقہ انتخاب کے ہر گاؤں کا دورہ کریں، اور عوام سے براہ راست رابطہ قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایم ایل اے اپنی اسمبلی حلقے کی ضروریات پر مشتمل رپورٹ تیار کرے تاکہ ان مسائل کو حل کیا جا سکے۔
انہوں نے اندراما ہاؤسنگ اسکیم کو کانگریس حکومت کی پہچان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا فائدہ صرف اہل افراد کو ہی دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ذات پر مبنی مردم شماری شفاف طرز حکمرانی کی علامت ہے۔
وزیر اعظم مودی کے کنچہ گچی باولی زمین سے متعلق بیان پر ریونت ریڈی نے کہا کہ یہ اپوزیشن کی جانب سے پھیلائی گئی غلط معلومات پر مبنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت کی ذات شماری نے مودی راج کے خاتمے کی بنیاد رکھ دی ہے۔