کنچہ گچی باولی پر سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ

حیدرآباد: بھارتیہ راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) نے سپریم کورٹ کی جانب سے کنچہ گچی باولی کے جنگلات کو بحال کرنے اور وہاں کے جنگلی حیات کے تحفظ کی ہدایت کو ماحولیاتی تحفظ کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے سپریم کورٹ کی سخت تنقیدوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ اُن تمام خدشات کی تصدیق کرتا ہے جو ماحولیاتی کارکنان اور بی آر ایس نے اس علاقے میں درختوں کی بڑے پیمانے پر کٹائی کے خلاف اٹھائے تھے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی حکومت مزید تماشہ نہ بنے گی۔
کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ بی آر ایس سپریم کورٹ کی ان ہدایات کا دل سے خیر مقدم کرتی ہے۔ یہ ریاستی حکومت کے لیے ایک انتباہ ہونا چاہیے کہ وہ ماحولیاتی تباہی کو معمولی نہ سمجھے۔
انہوں نے حیدرآباد یونیورسٹی کے طلباء و اساتذہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ۴۰۰ ایکڑ پر محیط جنگل اور بے زبان درختوں کی آواز بن کر ان کے تحفظ کی جدوجہد کی۔
کے ٹی راما راؤ نے سپریم کورٹ کی مقرر کردہ سینٹرل ایمپاورڈ کمیٹی کی رپورٹ کا بھی خیرمقدم کیا جس میں کنچہ گچی باولی کی زمین کو نجی ادارے کو گروی رکھنے میں مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ ریڈی پر دس ہزار کروڑ کے گھپلے کا الزام لگایا اور کہا کہ وہ ریاست کے جنگلات اور جنگلی حیات کے "نمبر ون ولن” بن چکے ہیں۔