وقف قانون پر بنگال میں مظاہرے، وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا عوام سے پُرامن رہنے کی اپیل

مغربی بنگال میں نئے وقف قانون کے خلاف پُرتشدد مظاہروں کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں اور ہر حال میں امن و امان برقرار رکھیں۔
کلکتہ کے کالی گھاٹ فضائی پل کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا، "ہر شہری کو اجازت کے ساتھ پُرامن احتجاج کا جمہوری حق حاصل ہے، لیکن قانون اپنے ہاتھ میں لینا ہرگز درست نہیں۔ قانون کی حفاظت کے لیے ادارے موجود ہیں، کسی کو خود منصف بننے کی ضرورت نہیں۔”
انہوں نے کہا کہ "بہت سی اشتعال انگیز کوششیں کی جائیں گی، لیکن عوام کو صبر اور عقل سے کام لینا ہوگا۔” ممتا بنرجی نے کسی جماعت کا نام لیے بغیر کہا، "اگر میں کسی دوسرے پروگرام میں جاتی ہوں تو میرا خطاب تبدیل کر دیا جاتا ہے۔ دین کا مطلب احترام، انسانیت، امن، ثقافت اور ہم آہنگی ہے۔ سب سے بڑا مذہب انسان سے محبت کرنا ہے، جو انسانوں سے محبت کرے گا وہ دل جیت لے گا۔”
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ریاست میں کسی بھی قسم کے انتشار کی اجازت نہیں دی جائے گی اور پُرتشدد عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔