بی آر ایس سلور جوبلی جلسے کو پولیس کی اجازت، تیاریاں عروج پر

ورنگل: بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کی سلور جوبلی تقاریب کے سلسلے میں 27 اپریل کو ایلکاترتی، ورنگل میں ایک عظیم الشان جلسے کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کی باقاعدہ اجازت پولیس کی جانب سے دے دی گئی ہے۔
ورنگل کے پولیس کمشنر کی ہدایت پر کازی پیٹ رورل اے سی پی نے اس اہم تقریب کے انعقاد کی اجازت نامہ جاری کیا۔
سابق ارکان اسمبلی پیڈی سدھارشن ریڈی، ونے بھاسکر اور اوڈیتالا ستیہ کمار نے اجازت نامہ حاصل کیا تاکہ تیاریوں میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔
بی آر ایس پارٹی کے لیے یہ موقع نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ جماعت اپنی 25 سالہ جدوجہد کا جشن منانے جا رہی ہے۔ پارٹی کے کارکنان اور رہنما اس موقع کو یادگار بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کر رہے ہیں۔
ماضی میں کانگریس حکومت کے دوران بی آر ایس کو جلسوں کے لیے اجازت لینے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ بعض مواقع پر عدالت سے رجوع کرنا پڑا تاکہ پارٹی اپنے پروگرام منعقد کر سکے۔ حالیہ پس منظر میں، پارٹی نے اس بار بھی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا تاکہ اس اہم جلسے کے لیے اجازت حاصل کی جا سکے، جو اب باضابطہ طور پر منظور ہو چکی ہے۔