نئے وقف ترمیمی قانون کے خلاف درخواستوں کی سماعت آج سپریم کورٹ میں

نئے وقف (ترمیمی) قانون 2025 کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر آج سپریم کورٹ میں سماعت ہوگی۔ چیف جسٹس آف انڈیا سنجیو کھنہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ، جس میں جسٹس کے وی وشواناتھن اور جسٹس پی وی سنجے کمار شامل ہیں، دوپہر 2 بجے مقدمے کی سماعت کرے گا۔
قانون کے خلاف تقریباً 65 درخواستیں داخل کی گئی ہیں، جن میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ایم پی اسدالدین اویسی، ترنمول کانگریس کی مہوا موئترا، راشٹریہ جنتا دل کے منوج جھا، سماج وادی پارٹی کے ضیاء الرحمٰن، کانگریس کے عمران مسعود اور محمد جاوید، سابق ایم پی ادت راج، دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا محمود مدنی، وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا شامل ہیں۔
درخواست گزاروں کا موقف ہے کہ وقف کا قیام، اس کا انتظام و انصرام اسلام کی عبادات کا اہم حصہ ہے، جسے آئین کے تحت مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے حقوق کی مکمل حفاظت حاصل ہے۔
درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ یہ قانون آئین کے آرٹیکل 14 (برابری کا حق)، 15 (مذہب، نسل، ذات پر امتیاز کی ممانعت)، 21 (زندگی و آزادی کا حق)، 25 و 26 (مذہبی آزادی و مذہبی امور کا انتظام)، 29 و 30 (اقلیتوں کے تعلیمی و ثقافتی حقوق)، اور 300-A (ملکیت کا حق) کی خلاف ورزی کرتا ہے۔
دوسری طرف چھ بی جے پی حکومت والی ریاستیں — ہریانہ، مہاراشٹرا، مدھیہ پردیش، آسام، راجستھان، اور چھتیس گڑھ — اس قانون کے حق میں عدالت میں پیش ہوئی ہیں۔