حفیظ پیٹ میں بلڈوزر کا راج: 4 ہزار کروڑ کی تعمیرات ختم

حیدرآباد: حیدرآباد اثاثہ تحفظ ایجنسی (ہائڈرا) نے شہر کے علاقوں حفیظ پیٹ اور ریڈيورگ میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً چار ہزار کروڑ روپے مالیت کی عمارتوں کو مسمار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق یہ عمارتیں ایک سیاسی رہنما سے وابستہ تعمیراتی گروپ کی ملکیت بتائی جا رہی ہیں، جو پڑوسی ریاست آندھرا پردیش سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان زمینوں پر قبضے سے متعلق کئی قانونی تنازعات جاری تھے، اس کے باوجود یہاں پر تعمیرات کی گئی تھیں۔
معلومات کے مطابق ان زمینوں پر سرکاری زمین کے قبضے کے الزامات کے تحت کیسز زیر سماعت تھے، لیکن کچھ بااثر افراد نے قوانین کو نظر انداز کرتے ہوئے بڑی تعمیرات کھڑی کر لیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ہائڈرا کو ایک نوجوان کی شکایت پر کارروائی کرنا پڑی، جس نے بتایا کہ اسے علاقے میں کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔ شکایت کی بنیاد پر تحقیقات کا آغاز ہوا، جس میں غیر قانونی قبضے اور تعمیرات کا انکشاف ہوا۔
حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی غیر قانونی عناصر کے خلاف پیغام دینے کے لیے ضروری تھی تاکہ سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضوں کو روکا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوراً دیں۔