تلنگانہ کی پہچان، بھارت سمٹ کا میزبان

حیدرآباد وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ بھارت سمٹ 2025 کا انعقاد تلنگانہ کے لیے ایک تاریخی اور فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوگا، جس سے ریاست عالمی انصاف کے فروغ میں نمایاں مقام حاصل کرے گی۔ یہ سمٹ 25 اور 26 اپریل کو حیدرآباد انٹرنیشنل کنونشن سینٹر (HICC) میں منعقد کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا: "یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ ہم سال کے سب سے اہم عالمی اجلاسوں میں سے ایک کی میزبانی کر رہے ہیں۔ 100 سے زائد ممالک کے 450 سے زیادہ مندوبین کو حیدرآباد میں خوش آمدید کہنا ایک اعزاز ہے۔”
"عالمی انصاف کی فراہمی” کے عنوان پر منعقد ہونے والا یہ اجلاس دنیا بھر کے پالیسی سازوں، وزراء، ماہرین تعلیم، صنعت کاروں، سول سوسائٹی نمائندوں اور 25 بین الاقوامی تھنک ٹینکس کے اراکین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گا۔
اس سمٹ میں معاشی انصاف، ماحولیاتی انصاف، تنوع، تکثیریت اور کثیرالطرفہ تعاون جیسے اہم موضوعات پر غور کیا جائے گا، جو سماجی بھلائی کے لیے اہم ہیں۔
یہ سمٹ تلنگانہ حکومت اور سمرُدھ بھارت فاؤنڈیشن کے اشتراک سے منعقد ہو رہا ہے، جو تاریخی بانڈونگ کانفرنس کی 70ویں سالگرہ کی یادگار کے طور پر بھی پیش کیا جا رہا ہے۔
کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی بھی اس اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔